ان دنوں سوشل میڈیا پر مرغی کے ایسے انڈوں کی تصویریں گردش کر رہی ہیں، جن کی زردی کا رنگ گہرا سبز ہے، جس سے جانوروں کے ڈاکٹر اور عوام سب حیران ہیں۔
جب ان انڈوں کی سبز زردی کی تصویریں وائرل ہوئیں تو سب نے ہی انہیں فوٹو شاپڈ قرار دیا تاہم جلد ہی اس طرح کے انڈے دینے والی مرغیوں کے مالک اے کے شہاب الدین سامنے آ گئے۔ اے کے شہاب الدین کا تعلق ملا پورم ، کیرالا ، بھارت سے ہے۔
انڈین میڈیا نے رپورٹ دی ہیں کہ پورے ملک کے ویٹرنری ماہرین حیران ہیں۔ پچھلے دنوں کیرالا ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز یونیورسٹی کے ماہرین نے اے کے شہاب الدین کے فارم کا دورہ کیا اور انڈوں کے نمونے اپنے ساتھ لے گئے۔اے کے شہاب الدین کا خیال ہے کہ انڈوں کی زردی کے عجیب و غریب رنگ کی وجہ مرغیوں کی خوراک ہو سکتی ہے۔ ان کی خوراک میں پولٹری فیڈ کے ساتھ ساتھ چاول، کوکونٹ آئل کیک اور گھر کے باورچی خانے سے بچا کھچا کھانا بھی شامل ہے۔اے کے شہاب الدین اب بے صبری سے ماہرین کی ٹسٹ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔