اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2021ء) سعودی عرب کا پاکستان کیلئے خصوصی تحفہ، اسلام آباد میں فیصل مسجد جیسی ایک اور عالیشان مسجد تعمیر ہوگی، مسجد میں 12 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر کی جانب سے پاکستان کیلئے خصوصی تحفے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب بتایا گیا کہ "اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی حکومت کی طرف سے، اللّٰہ تعالٰی ان کی حفاظت فرمائے ۔جبکہ اس حوالے سے چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلام آباد میں 80 کنال پر مشتمل جامعہ مسجد ملک سلمان بن عبد العزیز کو اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پاکستان سعودی عرب دوستی اور ایمان عقیدہ کے تعلقات کی عظیم مثال ہو گی ۔