کورونا کے باعث اموات میں اضافہ،24 گھنٹوں کے دوران 23 افراد دم توڑ گئے

پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 7 ہزار 10 ، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 134 ہو گئ

            
اسلام آبادا (اردو پوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 17اپریل 2020ء ) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 23 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے صرف دو دن بعد ہی کورونا وائرس نے ایک ہی دن میں 23 زندگیوں کو نگل لیا ہے۔ جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے والوں کی تعداد 7 ہزار 10 جبکہ 134 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں کیسز میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ جبکہ سحری ، اعتکاف اور افطار کے موقع پر یہ وائرس زیادہ افزائش حاصل کر سکتا ہے۔ وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلی بار ٹیسٹنگ کی صلاحت کو 3ہزار سے ساڑھے پانچ ہزار تک بڑھا یا گیا ہے۔ جس کے باعث کیسز کی تعداد میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل 7 اپریل کو تین ہزار افراد کا ٹیسٹ کرنے پر 700 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ واضح رہے دنیا کے 185 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20 لاکھ 81 ہزار 969 ہو گئی ہے،چین سے پھیلنے والی اس وبا سے صرف یورپی خطہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 90 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں ،اب تک دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 487 ہوگئی ہے۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق صرف یورپ میں کورونا وائرس سے 90 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں جو دنیا بھر میں مرنے والوں کا 65 فیصد سے زائد ہے۔ وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر یورپ ہوا تھا اور وہاں ابھی تک 10 لاکھ 47 ہزار 279 افراد متاثر جبکہ مجموعی طور پر 90 ہزار 180 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاشی سرگرمیوں کے دوبارہ کھلنے کے لیے گائیڈلائنز جاری کرنے کی تیاری شروع کردی۔امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ۔